پٹنہ : بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے کا کہنا ہے کہ ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی بھرپور مقدار ہے جو مریضوں کو مفت دی جاتی ہیں، جبکہ سچائی اس کے برعکس ہے۔ سرکاری اسپتالوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کو زیادہ تر دوائیں باہر سے خریدنی پڑتی ہیں۔ اس صورت حال کے درمیان اب خبر یہ آئی ہے کہ بہار میں 90 دنوں کے اندر 537 کروڑ روپے کی دوائیں اور جراحی (آپریشن) کے سامان خراب ہو گئے ہیں۔
نیوز پورٹل ’نو بھارت ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی خرابی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق فروری سے اپریل کے درمیان بہار کے سرکاری اسپتالوں میں 537 کروڑ روپے کی ادویات اور جراحی کا سامان خراب ہوا۔ خبروں کے مطابق اتنے بڑے پیمانے پر ادویات کی خرابی کی وجہ سے مریضوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادویات کی عدم دستیابی کے باعث انہیں بازار سے مہنگی دوائیں خریدنی پڑ رہی ہیں۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔