ممبئی:مہاراشٹر میں مراٹھا کارکن منوج جرانگے پاٹل نے منگل کے روز اپنے طبقہ کو انتہائی پسماندہ طبقہ (او بی سی) زمرہ کے تحت ریزرویشن دینے کے مطالبہ کو لے کر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال ایک بار پھر شروع کر دی ہے۔ ایک سال سے کچھ زائد عرصہ میں یہ منوج جرانگے پاٹل کی چھٹی بھوک ہڑتال ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منوج نے چھترپتی سمبھاجی نگر سے تقریباً 75 کلومیٹر دور جالنہ ضلع کے اپنے آبائی گاؤں انتروالی سراٹی میں درمیانی شب سے بھوک ہڑتال شروع کی۔ اس سے قبل انھوں نے نامہ نگاروں کو خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر حکومت پر مراٹھا طبقہ کو قصداً ریزرویشن نہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مراٹھا اپنے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو ’مزید ایک موقع‘ دے رہے ہیں۔