ممبئی: ممبئی کے میرا روڈ علاقہ میں لیو ان پارٹنر کے قتل کی سنسنی خیز واردات نے سبھی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ 56 سال کے شخص منوج سانے نے اپنی 32 سالہ لیو ان پارٹنر سرسوتی کی لاش کو مبینہ طور پر ککر میں پکا دیا۔ اے بی پی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ اس نے جو کیا ہے اسے اس پر کوئی ملال نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیو ان پارٹنر کو قتل کرنے کے ملزم نے پولیس کو یہ بھی بتایا ہے کہ وہ ایچ آئی وی پازیٹو ہے اور اسی وجہ سے ان دونوں میں تناؤ رہتا تھا۔ ملزم اس وقت پولیس حراست میں ہے اور اس سے لگاتار پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ جب ملزم سے پولیس نے پوچھا کہ ان دونوں میں کس طرح کا تعلق تھا؟ تو اس نے کہا کہ وہ خاتون سے محبت کرتا تھا اور اس سے شادی بھی کرنا چاہتا تھا لیکن اس سے کبھی جسمانی تعلقات قائم نہیں کیے تھے۔
جب پولیس نے سوال کیا کہ لیو ان پارٹنر ہونے کے باجود اس نے خاتون کے ساتھ جسمانی تعلقات کیوں قائم نہیں کیے تو اس نے کہا کہ ایسا اس نے اس لیے نہیں کیا کیونکہ وہ لاعلاج بیماری میں مبتلا ہے۔ اس نے کہا کہ وہ ایچ آئی وی پازیٹو ہے اور اسی لیے دونوں میں تناؤ رہتا تھا۔
وہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم یہ سب کچھ اپنے دفاع کے لیے بھی کہہ سکتا ہے اور جب تک میڈیکل رپورٹ کے ذریعے تصدیق نہیں ہو جاتی، کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا یقین نہیں کیا جا سکتا اور وہ کئی طرح کی باتیں کر رہا ہے۔ ملزم نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ خاتون کو اس نے قتل نہیں کیا بلکہ اس نے خود ہی خود کشی کی تھی اور کہیں اس پر الزام نہ آئے اس لیے اس نے لاش کے ٹکڑے کیے۔