آئندہ اسمبلی انتخاب سے قبل پنجاب میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ پٹیالہ ضلع کی 2 اسمبلی سیٹوں سے پارٹی کے اراکین اسمبلی نے بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان میں سنور سے رکن اسمبلی ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا اور سمانہ سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر چیتن سنگھ جوڑاماجرا شامل ہیں۔ دونوں اراکین اسمبلی نے آج پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ پارٹی چھوڑنے کے بعد دونوں اراکین اسمبلی شام 4:30 بجے چندی گڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کریں گے۔ اس دوران وہ پارٹی سے استعفیٰ دینے کی وجہ بھی بتائیں گے۔
چیتن سنگھ جوڑاماجرا عام آدمی پارٹی کی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔ تاہم کچھ عرصہ قبل پارٹی نے سمانہ اسمبلی حلقے میں ان کی جگہ سابق اکالی رہنما سُرجیت سنگھ رکھڑا کو حلقہ انچارج کی ذمہ داری سونپ دی تھی۔ اس کے بعد سے ہی پارٹی میں ان کے کردار کو لے کر سوال اٹھ رہے تھے۔ دوسری جانب سنور سے رکن اسمبلی ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا بھی تنازعات میں رہے ہیں۔ ان کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ اس کے بعد وہ آسٹریلیا چلے گئے تھے۔ بعد میں تفتیش میں شامل ہونے کے لیے ہندوستان واپس آنے پر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔















