دہلی-این سی آر میں فٹجی (ایف آئی آئی ٹی-جے ای ای) کوچنگ کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای دی) کی ٹیم نے جمعرات کو فٹجی کے 10 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی۔ ای ڈی کی یہ کارروائی فٹجی کے دہلی، نوئیڈا اور گروگرام میں کی جا رہی ہے۔دراصل فٹجی کے سینکڑوں کوچنگ سنٹر بند ہونے سے ہزاروں طلبا کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہا ہے اور فٹجی کے مالکان کو تقریباً 12 کروڑ روپے کا فائدہ ہونے کا الزام ہے۔ منی لانڈرنگ معاملے کو لے کر ای ڈی نے یہ چھاپہ ماری کی ہے۔
طلبا اور سرپرستوں کی جانب سے دائر ایف آئی آر کے بعد 24 اپریل کی صبح ای ڈی نے ایف آئی آئی ٹی جے ای ای سے جڑے دہلی، این سی آر سمیت 10 ٹھکانوں پر چھاپہ مارا۔ کوچنگ ادارے کے خلاف لگے سنگین الزامات نے ہزاروں سرپرستوں اور طلبا کو فکر میں ڈال دیا ہے۔ کوچنگ ادارے پر طلبا کی فیس کا غلط استعمال کرنے اور اچانک کوچنگ سنٹروں کو بند کرنے کا الزام شامل ہے۔ اب ای ڈی کی جانچ میں یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کیا ان سب معاملوں کے پیچھے کوئی منی لانڈرنگ کا کھیل تو نہیں تھا۔
ای ڈی کے افسروں کے مطابق یہ جانچ ایف آئی آئی ٹی جے ای ای کے ان سنٹروں سے جڑی ہے جو بغیر کسی اطلاع کے بعد ہو گئے۔ کئی سرپرستوں نے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ایک سال کی کورس فیس پہلے ہی جمع کر دی تھی لیکن ادارے کی طرف سے کوئی اطلاع یا ری فنڈ نہیں ملا۔ سرپرستوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے لاکھوں روپے فیس کے طور پر جمع کیے لیکن نہ تو بچوں کی پڑھائی ہوئی اور نہ ہی ان کا پیسہ واپس کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ اس سال اچانک فٹجی کے کئی کوچنگ سنٹر بند ہو گئے ہیں۔ اسے لے کر کئی جگہوں پر کوچنگ سنٹر چلانے والوں کے خلاف طلبا اور سرپرستوں نے مقدمے درج کرائے ہیں۔