آئندہ ماہ 2 مرحلوں میں ہونے والےبہار اسمبلی انتخاب کے لیے این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم کا اعلان ہو گیا ہے۔ اس بار بی جے پی اور جے ڈی یو 101-101 سیٹوں پر انتخاب لڑیں گی، جبکہ چراغ پاسوان کی پارٹی کو 29 سیٹیں دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اتحاد میں شامل جیتن رام مانجھی اور اوپیندر کشواہا کی پارٹی کو 6-6 سیٹیں دی گئی ہیں۔
سیٹوں کی تقسیم پر بہار کے بی جے پی انچارج ونود تاوڑے نے کہا کہ آئندہ بہار اسمبلی کے لیے این ڈی اے پریوار کے تمام ممبران نے باہمی رضامندی سے خوشگوار ماحول میں سیٹوں کی تقسیم کو آخری شکل دی، جو اس طرح ہے:
- بی جے پی – 101 سیٹ
- جے ڈی یو – 101 سیٹ
- لوجپا (رام ولاس) – 29 سیٹ
- ہندوستانی عوام مورچہ – 06 سیٹ
- راشٹریہ لوک مورچہ – 06 سیٹ
واضح رہے کہ جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہندوستان عوام مورچہ ٹیکاری، کٹمبال، اتری، امام گنج، سکندرا اور بارا چٹی سے میدان میں اترے گی۔ اوپیندر کشواہا کی پارٹی راشٹریہ لوک مورچہ سہسرام، دنارا، اجیارپور، مہوا، باجپٹی اور مدھوبنی سے انتخابی میدان میں اترے گی۔
سیٹ کی تقسیم کے بعد جے ڈی یو کے قومی ایگزیکٹو صدر سنجے کمار جھا نے کہا کہ ہم این ڈی اے کے ساتھیوں نے آپسی رضامندی سے سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دی ہے۔ این ڈی اے اتحاد میں شامل تمام پارٹیوں کے لیڈران اور کارکنان سیٹ کی تقسیم کے فارمولے کا خوشی کے ساتھ خیرمقدم کرتے ہیں۔ ساتھ ہی کہا کہ نتیش کمار کو پھر سے وزیر اعلیٰ بنانے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں۔