لکھنو:اتر پردیش میں بارش نے تباہی مچا رکھی ہے۔ مسلسل بارش کے باعث اب تک 19 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ہردوئی میں چار، بارہ بنکی میں تین، پرتاپ گڑھ اور قنوج میں دو دو اور امیٹھی، دیوریا، جالون، کانپور، اناؤ، سنبھل، رام پور اور مظفر نگر اضلاع میں ایک ایک موت واقع ہوئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے یوپی کے 31 اضلاع میں اموات کی اطلاع دی ہے۔ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور سات دنوں تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے ہونے والی بارش کے باعث سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ عام عوام اور کسان بہت خوفزدہ ہیں۔
سب سے افسوسناک خبر بارہ بنکی کی ہے جہاں شہر کوتوالی علاقے میں پیر کی صبح بارش کے دوران کچی دیوار منہدم ہونے سے سگے بھائی ۔بہن کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرام جرسنڈا باشندہ آکاش قنوجیا اور رادھا قنوج کی بیٹی انشکا9 اور بیٹا سوبھ7 گھر سے بیت الخلا کیلئے نکلے تھے ۔ واپس لوٹتے وقت گاؤں کے ہی سونے لال کے گھر کی کچی دیوار بھربھرا کر منہدم ہوگئی اور بھائی بہن ملبے کے نیچے دب گئے ۔ مقامی افراد نے کافی مشقت کے بعد دونوں کو باہر نکالا اور ضع ہاسپٹل میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں بچوں کو مردہ قرار دے دیا۔
بیشتر مقامات پر شاہراہوں کے علاوہ ریل پٹریاں بھی زیر آب آگئی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ریاست میں شدید بارش کے نتیجے میں اب تک 19افراد کی موت ہو چکی ہے ۔