وزیر اعظم نریندر مودی کی گریجویشن ڈگری سے متعلق جانکاری ظاہر کرنے کے معاملے کو عدالت نے آج نمٹارہ کر دیا۔ سنٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) نے یہ جانکاری ظاہر کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن دہلی ہائی کورٹ نے اس حکم کو رَد کر دیا ہے۔ دہلی یونیورسٹی نے سی آئی سی کے حکم کو چیلنج پیش کیا تھا، اور اسی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے یہ حکم صادر کیا ہے۔
سی آئی سی نے 2016 میں داخل ایک آر ٹی آئی عرضی کی بنیاد پر دہلی یونیورسٹی کو وزیر اعظم کی گریجویشن ڈگری سے متعلق جانکاری کا انکشاف کرنے کی ہدایت دی تھی۔ آج دہلی ہائی کورٹ کے جج سچن دتہ کے حکم کے مطابق تعلیمی ریکارڈ اور ڈگری کا انکشاف کرنا لازمی نہیں ہے۔ پی ایم مودی کے اکیڈمک ریکارڈ کے انکشاف سے متعلق یہ قانونی جنگ سالوں سے چل رہی تھی۔ آر ٹی آئی کے تحت درخواست داخل کرنے کے بعد سی آئی سی نے 1978 میں بی اے کا امتحان پاس کرنے والے سبھی طلبا کے ریکارڈ کے جائزہ کی اجازت 21 دسمبر 2016 کو دی تھی۔ پی ایم مودی نے بھی یہ امتحان پاس کیا تھا۔