نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کو مودی حکومت پر جھوٹے نعرے لگا کر ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام ان کی حقیقت کو سمجھ چکے ہیں اور انہیں انتخابات میں جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ کھڑگے نے آج یہاں جاری ایک بیان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو اقتدار کا لالچی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اقتدار کی کریم کھانے میں مگن ہے جبکہ ملک کے عوام مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور لوگوں کے پاس روزگار نہیں ہے۔ منریگا جیسی دیہی روزگار اسکیموں میں کٹوتی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا ’’مودی حکومت کی لوٹ مار کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے۔ لیکن بی جے پی اقتدار کے لالچ میں مگن ہے۔ سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ملک میں بے روزگاری کی شرح 8.45 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ دیہاتوں میں بے روزگاری کی شرح 8.73 فیصد ہے۔ وہیں منریگا کی مانگ اپنے عروج پر ہے، لیکن وہاں کوئی کام نہیں ہے۔ دیہی اجرت کی شرح میں کمی آئی ہے۔‘‘
کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ’’نریندر مودی جی، ملک کے لوگ جانتے ہیں کہ انتخابات سے پہلے، آپ ’اچھے دن‘، ’امرت کال‘ جیسے نعروں پر کام کر رہے ہیں تاکہ اشتہارات کے لپا پوتی سے آپ کی ناکامی چھپ جائے۔ لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا، عوام باشعور ہو چکے ہیں اور بی جے پی کے خلاف ووٹ دے کر آپ کے کھوکھلے نعروں کا جواب دیں گے، معاف تو کیا عوام بی جے پی کو اقتدار سے صاف کر دیں گے۔
(یو این آئی)