مغربی بنگال کے مشرقی میدنی پور کے پوٹاشپور میں ایک آزاد امیدوار کے گھر پر زوردار بم دھماکہ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ گھر کی چھت اڑ گئی۔ ابھی تک یہ جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے کہ دھماکہ میں کسی کی موت ہوئی ہے یا نہیں، یا پھر کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اس درمیان امیدوار کے فرار ہونے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔
بم دھماکہ کی خبر ملنے کے بعد پولیس وہاں پہنچی، لیکن مقامی باشندوں نے پولیس کو گھیر کر احتجاجی مظاہرہ کرنا شروع کر دیا۔ ساتھ ہی مقامی لوگوں نے ’گو بیک‘ (واپس جاؤ) کا نعرہ بھی لگانا شروع کر دیا۔ اس درمیان پولیس نے پٹاشپور علاقہ میں اپنی گشت بڑھا دی ہے اور جائے حادثہ پر کثیر تعداد میں پولیس ٹیم پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پوٹاشپور کے پالپاڑا میں جمعہ کی صبح یہ دھماکہ ہوا۔ دھماکہ کی آواز سے پورا علاقہ دہل گیا۔ ٹن کے مکان کا ایک حصہ بھی منہدم ہو گیا۔ جب تک مقامی باشندے علاقے میں پہنچے، تب تک اس دھماکہ میں زخمی افراد وہاں سے فرار ہو چکے تھے۔ الزام ہے کہ گھر میں بم رکھے ہوئے تھے جو کہ اچانک پھٹ گیا۔ فی الحال پولیس علاقے سے دھماکہ کے نمونے اکٹھے کر رہی ہے۔ ساتھ ہی آزاد امیدوار کی تلاشی بھی جاری ہے۔