پٹنہ: بہار کے لکھی سرائے میں پیر کوفائرنگ میں چھٹھ پوجا کی تقریب سے واپس آتے ہوئے ایک خاندان کے دو افراد کو گولی مار کر ہلاک اور چار دیگر کو زخمی کر دیا گیا۔ زخمیوںمیں دو خواتین بھی شامل ہیں،انہیں مزید علاج کے لیے پٹنہ میڈیکل کالج اور اسپتال منتقل کرنے سے قبل مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیاتھا۔
لکھی سرائے کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پنکج کمار نے بتایا کہ زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک ہے، انہوں نے مزید کہاکہ معاملہ محبت کا ہے۔”پولیس نے ملزم کی شناخت آشیش چودھری کے طور پر کی ہے اور ملزم کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔یہ واقعہ پنجابی محلہ میں پیش آیا۔ ایک خاندان کے چھ سات افراد چھٹھ سے واپس آ رہے تھے کہ آشیش چودھری، جو متاثرہ کے گھر کے سامنے رہتا تھا، نے فائرنگ کر دی۔ چھ افراد کو گولی لگی جن میںدو ہلاک ہو گئے ۔”
ہلاک ہونے والوں میں چندن جھا اور راجنندن کمار بھائی ہیں، دونوں کی عمریں 31 سال ہیں۔ پولیس کے مطابق پوائنٹ بلینک رینج سے فائرنگ کرنے والا چوہدری مقتول کے خاندان کی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اسے اجازت نہیں ملی۔ چوہدری جس لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا، زخمیوں میں شامل ہے، جن کی شناخت لولی کماری، پریتی کمار، درگا کمار اور ششی کمار کے طور پر ہوئی ہے۔