ممبئی :’جئے ہو‘، ’سَن آف سردار‘، ’آر… راج کمار‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری سے لوگوں کو محظوظ کرنے والے مکل دیو کا 54 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے بیمار تھے اور آخر وقت مین ان کا علاج آئی سی یو میں چل رہا تھا۔ وہ بالی ووڈ کے مشہور اداکار راہل دیو کے بھائی تھے۔ انھوں نے ٹی وی سیریل، ویب سیریز اور میوزک ویڈیوز میں بھی تواتر سے کام کیا تھا۔ ان کی موت سے بالی ووڈ ہستیاں صدمے میں ہیں اور سوشل میڈیا پر تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مکل دیو کا انتقال 23 مئی کی شب ہوا۔ فلم ’سَن آف سردار‘ میں مکل دیو کے ساتھ کام کر چکے بندو دارا سنگھ نے ایک میڈیا ادارہ سے بات چیت کے دوران ان کی موت سے متعلق خبر کی تصدیق کی۔ انھوں نے اپنا غم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ مکل کو بڑے پردے پر نہیں دیکھ پائیں گے۔ بندو دارا سنگھ نے کہا کہ ’’اپنے والدین کی موت کے بعد مکل خود کو الگ تھلگ کر رہا تھا۔ وہ گھر سے باہر بھی نہیں نکلتا تھا اور کسی سے بھی ملاقات نہیں کرتا تھا۔ گزشتہ کچھ دنوں میں اس کی طبیعت خراب ہو گئی تھی اور وہ اسپتال میں تھا۔‘
مکل کی دوست اور اداکارہ دیپ شکھا ناگپال نے بھی انسٹاگرام پر آنجہانی اداکار کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی۔ انھوں نے ایک میڈیا ادارہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکل نے کبھی کسی سے اپنی صحت کے بارے میں بات نہیں کی۔ واٹس ایپ پر ان کا اپنے دوستوں کے ساتھ ایک گروپ تھا، جس میں وہ اکثر بات کرتے تھے۔ شکھا نے جذباتی انداز میں کہا کہ ’’میں صبح اس خبر کے ساتھ اٹھی۔ میں تب سے ان کے نمبر پر فون کر رہی ہوں، امید ہے کہ وہ فون اٹھائیں گے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ مکل دیو کی پیدائش 17 ستمبر 1970 کو نئی دہلی کے ایک پنجابی گھرانے میں ہوئی تھی۔ انھوں نے 1996 میں ٹی وی سیریل ’ممکن‘ سے ایکٹنگ ڈیبیو کیا۔ انھوں نے بعد میں ہندی کے ساتھ ہی پنجابی، بنگالی، ملیالم، کنڑ اور تیلگو کی 60 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ انھیں آخری مرتبہ بڑے پردے پر 2022 میں ’اَنت: دی اِنڈ‘ فلم میں دیکھا گیا تھا۔ ٹی وی پر وہ 2018 میں آئے سیریل ’21 سرفروش‘ میں گل بادشاہ کے کردار میں نظر آئے تھے۔ او ٹی ٹی پر بھی وہ 2020 میں ’اسٹیٹ آف سیز: 11/26‘ ویب سیریز میں نظر آئے۔