مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لیے کانگریس، این سی پی-ایس پی اور شیوسینا یو بی ٹی اتحاد ’مہاوکاس اگھاڑی‘ کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق قائم ہو گیا ہے۔ تینوں پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران نے طے کیا ہے کہ مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں میں سے 255 سیٹوں پر تینوں پارٹیاں برابر برابر، یعنی 85-85 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتاریں گی۔ 15 سیٹوں پر ان تینوں پارٹیوں کے درمیان بات چیت ہونا باقی ہے۔ باقی بچی 18 سیٹیں ایم وی اے کی دیگر اتحادی پارٹیوں میں تقسیم کیے جانے پر بھی بات چیت ہو چکی ہے۔ کانگریس، این سی پی-ایس پی اور شیوسینا یو بی ٹی کے علاوہ ایم وی اے میں سماجوادی پارٹی، سی پی ایم اور ایس ڈبلیو پی شامل ہے۔
سیٹوں کی تقسیم سے متعلق این سی پی-ایس پی کے سینئر لیڈر شرد پوار کی قیادت میں ہوئی میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر نانا پٹولے، شیوسینا لیڈر سنجے راؤت اور دیگر لیڈران نے مشترکہ پریس کانفرنس کر تفصیلی جانکاری دی۔ حالانکہ شیوسینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کے درمیان 270 سیٹوں پر اتفاق رائے قائم ہو چکا ہے۔ اس طرح ان تینوں پارٹیوں کے درمیان مجموعی طور پر 270 سیٹیں تقسیم ہوں گی۔