نئی دہلی: کل (28 مئی) بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1- بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، لیکن دہلی میں مطلع غبار آلود ہے، اس لیے یہاں چاند نظر نہیں آیا۔ البتہ ملک کے مختلف مقامات سے رویت کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں۔
امارت شرعیہ ہند کے ذریعہ جاری پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ رویت کی مصدقہ اطلاعات کے پیش نظر رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ 29 کی رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ کل بتاریخ 29 مئی 2025ء بروز جمعرات ماہ ذی الحجہ 1446ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ عیدالاضحی ان شاء اللہ 7 جون 2025ء بروز ہفتہ ہوگی۔
ایک طرف امارت شرعیہ ہند نے دہلی میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہ آنے کی بات کہی ہے، وہیں دوسری طرف امارتشرعیہ بہار نے ریاست میں چاند نظر آنے کی اطلاع دی ہے۔ جاری پریس نوٹ کے مطابق ’’حضرت مولانا محمد انظار عالم قاسمی، قاضی شریعت مرکزی دارالقضا، امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ (پھلواری شریف، پٹنہ) نے اعلان کیا ہے کہ مورخہ 29 ذی قعدہ 1446ھ مطابق 28 مئی 2025 روز بدھ کو مرکزی دفتر امارت شرعیہ اور اس کی تمام شاخوں میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ پھلواری شریف اور ملک کے دیگر مقامات پر بھی عام طور سے چاند دیکھا گیا۔‘‘ اسی طرح مرکزی رویت ہلال کمیٹی، حیدر آباد دکن اور کچھ دیگر ہلال کمیٹیوں نے بھی ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کیا ہے۔