پٹنہ :بہار کے اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ریاست میں سرکاری ملازمتیں دینے کے معاملے میں ایک بار پھر ریاست کی سابق مہاگٹھ بندھن حکومت کی کارگزاریوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری مثبت سیاست کا ہمیشہ مثبت نتیجہ ہی برآمد ہوگا۔ تیجسوی یادو نے یہ بیان بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعے سینئر افسران کو خالی سرکاری عہدوں کو پُر کرنے کے لیے مشن موڈ میں کام کرنے کی ہدایت کے بعد دیا ہے۔
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم نے 17مہینوں کی مختصر مدت میں 10 لاکھ سے زائد سرکاری نوکریاں دیں۔ اس دوران 3 لاکھ سرکاری ملازمتیں عمل میں لائی گئیں جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے چند ماہ سے تعطل کا شکار تھیں۔ مہا گٹھ بندھن حکومت کے آنے سے قبل ایک لاکھ اساتذہ کی بھرتی کے پہلے سے طے شدہ تیسرے مرحلے کا امتحان پیپر لیک ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ ہماری مثبت سیاست کے ہمیشہ مثبت نتائج ہی برآمد ہوں گے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ جن لاکھوں نوجوان لڑکے و لڑکیوں کو ملازمتیں ملیں ہیں اور آئندہ ملیں گی، ان پر ہماری اس مثبت، ترقی پسند اور بنیادی مسائل پر مبنی سیاست کا زندگی بھر اثر رہے گا۔