نئی دہلی :انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آج دہلی کے شراب گھوٹالہ معاملے میں گرفتار وزیر اعلی ٰاروند کیجریوال کو ریمانڈ پر لینے کے لیے دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ میں پیش کیا۔ای ڈی نے عدالت سے 10 دن کا ریمانڈ طلب کیاہے۔دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا ہے۔ فریقین کی جانب سے سماعت مکمل کرلی گئی۔ عدالت ریمانڈ پر فیصلہ شام 6 بجے سنائے گی۔اس سے پہلے اروند کیجریوال کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے ریمانڈ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کی کیا ضرورت ہے؟ اس کے علاوہ انہوں نے پوچھا کہ گرفتاری کی بنیاد کیا ہے؟
اروند کیجریوال کو جمعرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ تاہم سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ نے کیس کو دوسری بنچ کو بھیج دیا۔ ادھر خبر آئی ہے کہ اروند کیجریوال نے سپریم کورٹ سے اپنی درخواست واپس لے لی ہے۔ ابھیشیک منو سنگھوی نے جسٹس سنجیو کھنہ کے سامنے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے میں اپنا موقف نچلی عدالت میں پیش کریں گے۔ اب کیجریوال کی گرفتاری کے معاملے کی سپریم کورٹ میں سماعت نہیں ہوگی۔