پٹنہ : پٹنہ کی ایک خصوصی عدالت نے آج سابق نائب وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سشیل کمار مودی کے خلاف ہتک عزت کے ایک معاملے میں فرد جرم طے کی ہے۔ممبران پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے فوجداری مقدمات کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالت کی جج ساریکا بہالیہ نے کھلی عدالت میں مودی کے خلاف لگائے گئے الزامات کا خلاصہ پڑھ کر سنایا۔ مودی نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی جس کے بعد عدالت نے شکایت کنندہ کو اپنے ثبوت پیش کرنے کے لیے اگلی تاریخ 06 فروری 2024 مقرر کی ہے۔خیال رہے کہ بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر راماشرے یادو نے تعزیرات ہند کی دفعہ 500 کے تحت مودی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ شکایتی خط نمبر 5070 سی 2017 درج کرایا ہے۔ اس معاملے کا نوٹس لینے کے بعد عدالت نے مسٹر مودی کے خلاف سمن جاری کیا تھا۔ بعد ازاں مودی کو اس معاملے میں ان کی جسمانی موجودگی سے استثنیٰ دے دیا گیا تھا۔ عدالت کی ہدایت پر آج مودی الزامات کا خلاصہ سننے کے لیے عدالت میں جسمانی طور پر موجود تھے۔
درج شکایت کیس میں الزامات کے مطابق 20 اگست 2017 کو ایک پریس کانفرنس میں مودی کے اس بیان کو ہتک آمیز قرار دیا گیا ہے جس میں مسٹر مودی نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر راماشرے یادو نے بی پی ایس سی کے چیئرمین کا عہدہ لالو پرساد یادو کو زمین دے کر لیا تھا۔