تلمبہ(پاکستان): معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر تلمبہ میں ہوئی،مولانا طارق جمیل نے خود اپنے بیٹےکی نماز جنازہ پڑھائی ۔عاصم جمیل کو مقامی مسجد کے احاطہ میںہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ نمازجنازہ کے لیے موجود لوگوں سے خطاب میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ وہ تمام بھائیوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ ان کے غم میں شامل ہوئے۔اس سےپہلے مولانا طارق جمیل ایکس پر اپنے پوسٹ میں لکھا تھا کہ میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے،انہوں نے لکھا تھا کہ اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیاہے۔
دریں اثناء مولانا طارق جمیل کے بڑےصاحبزادے مولانا یوسف جمیل نے ویڈیو پیغام میں اپنے چھوٹے بھائی عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ میرا بھائی عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کا مریض تھا۔انہوں نے کہا کہ عاصم جمیل کی بیماری میں پچھلے 6 ماہ سے شدت آگئی تھی اور بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے عاصم جمیل کو الیکٹرک شاک لگائے جارہے تھے لیکن الیکٹرک شاک دینے سے بھی کوئی افاقہ نہیں ہوا۔مولانا یوسف جمیل نے کہا کہ گزشتہ روز وہ اتفاقاً گھر میں اکیلے تھے، تکلیف اور اذیت برداشت نہیں کرسکے اور گیٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکار سے بندوق لے کر انہوںخود کو گولی مارلی۔