نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کی رفتار ایک بار پھر خوفزدہ کرنے لگی ہے۔ ہندوستان سمیت پوری دنیا میں کورونا نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کر دیا ہے اور اب یہ مرض وبا کی طرح تباہی مچا رہا ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وجہ سے 6 افراد کی موت ہوئی ہے اور 350 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں کورونا سے 20 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 358 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 300 صرف کیرالا میں درج کیے گئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 6 افراد کی موت ہوئی ہےجن میں کرناٹک میں 2، پنجاب میں ایک اور کیرالا سے 3 افراد شامل ہیں۔ اس وقت ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 2669 ہے۔
کیرالا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے 300 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ انفیکشن کی وجہ سے تین لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ کیرالا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ۔19 کی وجہ سے تین مریضوں کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں گزشتہ تین سالوں میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد بڑھ کر 72,059 ہو گئی ہے۔ وزارت کے مطابق ریاست میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2,341 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 211 مریض انفیکشن سے نجات حاصل کرچکے ہیں اب تک ریاست کیرالا میں کل 68,37,414 مریض کورونا سے متاثر ہوکر صحت یاب ہوگئے ہیں۔