نئی دہلی: دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں چوک کیس میں ملزمین کی پولیس ریمانڈ میں توسیع کر دی ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں سیندھ لگانے والے چار ملزمین کی ریمانڈ میں 15 دنوں کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 5 جنوری تک کیلئے دہلی پولیس کی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ بتادیں کہ چار ملزمین ساگر شرما، منورنجن ڈی، نیلم اور امول شندے کی سات دن کی پولیس حراست کی مدت ختم ہوچکی تھی۔
دراصل دہلی پولیس نے چاروں ملزمین کے 15 دن کی ریمانڈ کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ہمیں کچھ اہم ثبوت ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ 7 دنوں میں ہمیں کچھ اہم شواہد ملے ہیں اور تفتیش سے متعلق کچھ اہم باتیں کھلی عدالت میں نہیں بتا سکتے۔ یہ معاملہ کافی حساس ہے۔ اس کے بعد عدالت نے کیس میں گرفتار سبھی ملزمین سے بات چیت کی۔