ترواننت پورم: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ترواننت پورم میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران کیرالہ سے چلنے والی تین امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی کیرالہ میں پہلی بار امرت بھارت ایکسپریس سروس کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ یہ اقدام جنوبی ہندستان میں ریل سفر کو مزید سستا، محفوظ اور آرام دہ بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تریشور–گرووایور مسافر ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھائی، جس سے روزمرہ سفر کرنے والے مسافروں کو بڑی سہولت ملے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق اس نئی مسافر ٹرین سے مقامی لوگوں، خاص طور پر ملازمت پیشہ افراد اور طلبہ کو فائدہ پہنچے گا۔
ریلوے بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (اطلاعات و نشریات) نے بتایا کہ آج جنوبی ہندستان میں ریل سفر کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امرت بھارت ایکسپریس، وندے بھارت ایکسپریس کا غیر ایئرکنڈیشنڈ ورژن ہے، جس میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو بھی بہتر سفری تجربہ مل سکے۔
ریلوے کے مطابق آج شروع ہونے والی ٹرینیں کیرالہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور کرناٹک کے کئی اہم شہروں کو براہ راست جوڑیں گی۔ ناگرکوئل–منگلورو جنکشن امرت بھارت ایکسپریس کیرالہ کو کرناٹک سے جوڑے گی، جس کا ہالٹ ترواننت پورم، کولم، ایرناکولم، تریشور، کوزیکوڈ اور کنور جیسے بڑے اسٹیشنوں پر ہوگا۔ یہ ٹرین ناگرکوئل سے منگل اور منگلورو سے بدھ کو روانہ ہوگی۔
















