نئی دہلی : ایشیا کپ کے سپر 4 میچ میں پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے شاندار فتح درج کی۔ پہلےبلے بازی کے دوران ٹاپ چار بلے بازوں نے اتنی شاندار بلے بازی کی کہ 356 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا ہو گیا۔پھر جب ٹیم گیند بازی کیلئے میدان میں اتری تو گیند بازوں مخالف ٹیم کےچھکے چھڑا دئے۔
ہندوستان کے ذریعہ دیے گئے 357 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری پاکستانی ٹیم 32 اوور میں 128 رن ہی بنا سکی۔ پاکستان کے دو کھلاڑی نسیم شاہ اور حارث رؤف بلے بازی کے لیے نہیں اتر سکے کیونکہ وہ گیندبازی کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ یعنی دو دنوں تک چلے اس وَنڈے میچ میں ہندوستان کو 228 رن سے فتح ہاتھ لگی۔
ٹاس جیت کر کپتان بابر اعظم نے ہندوستان کے خلاف پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ دائو الٹا پڑگیا۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اپنے پارٹنر شبھمن گل کے ساتھ مل کر شاندار شروعات کی اور پھر وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے دھماکہ خیز سنچریاں بنائیں ۔ ہندوستان نے 2 وکٹوں پر 356 رنز بنائے۔
پاکستان کے خلاف ابتدائی کامیابی جسپریت بمراہ نے امام الحق کو شبھمن گل کے ہاتھوں سلپ میں کیچ کروا کر ٹیم کو دلوائی ۔ اس کے بعد جو ہوا اسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو کپتان روہت شرما نے گیند سونپی اور جیسے ہی وہ آئے، انہوں نے وہ کام کر دیا جس سے پاکستانی کیمپ میں سناٹا چھا گیا۔ انہوں نے کپتان بابر اعظم کو کلین بولڈ کردیا ۔ بابر کو 10 رنز بنانے کے بعد واپس لوٹنا پڑا۔