اٹلی نے اسکولوں میں برقع اور نقاب پر پابندی عائد کردی ہے۔ نئے قانون کے تحت اب طالبات اسکولوں میں اس طرح اپنا چہرہ نہیں چھپا سکیں گی، جس سے ان کی شناخت چھپ جائے۔ اس ضابطے کے تحت کلاس روم میں برقع اور نقاب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، حالانکہ ایسے نقاب کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے جس میں چہرہ واضح طور پر پہچانا جا سکے۔ وہیں چہرہ ڈھانپنے سے متعلق ضابطے کی خلاف ورزی پر 1000 یورو تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اٹلی کے چیمبر آف ڈپٹیز نے 26 نومبر کو اس متنازعہ تعلیمی قانون کو حتمی منظوری دے دی۔ اس قانون کے حق میں 142 اور مخالفت میں 112 ووٹ پڑے، جبکہ اس دوران 4 ارکان غیر حاضر رہے۔
اس کے علاوہ قانون میں فرسٹ ایئر کلاس رومز میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد کی حد 30 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جن طلبہ کو اطالوی زبان پر عبور حاصل ہے، انہیں اس 30 فیصد کی حد سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ اگر کوئی اسکول مقررہ حد پر عمل کرنے میں ناکام رہتا ہے، تو تعلیمی حکام طلبہ کو آس پاس کے دیگر تعلیمی اداروں میں منتقل کرنے کا انتظام کر سکتے ہیں۔ نئے ضوابط میں ایسے غیر ملکی والدین کے لیے اطالوی زبان کے کورسز کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جن کی زبان سے متعلق مشکلات کا اثر ان کے بچوں کی تعلیم پر پڑتا ہے۔
اس دوران اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر امتیازی سلوک کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس قانون پر سخت تنقید کی ہے۔ ووٹنگ کے دوران اپوزیشن کے قانون سازوں نے ایک پلے کارڈ بھی دکھایا، جس پر لکھا تھا کہ اسکول میں کوئی بھی غیر ملکی نہیں ہے۔ وہیں وزیر تعلیم جوزیپے والڈیٹارا نے اس قانون کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون اطالوی زبان کے علم اور مشترکہ ضوابط کے احترام کے ذریعے اتحاد کو فروغ دے گا۔ اس نئے تعلیمی قانون میں ڈیجیٹل درسی کتابوں، معذور طلبہ کے لیے سہولیات اور اساتذہ کی تقرری سے متعلق دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔


















