گجرات کے جوناگڑھ میں پیر کے روز ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ہی کنبہ کے 3 بچوں سمیت 4 افراد کی موت ہو گئی۔ حادثہ جوناگڑھ کے کڑیاول علاقہ میں پیش آیا جہاں دو منزلہ عمارت اچانک منہدم ہو گئی۔ اس عمارت کے ملبہ میں 6 افراد دب گئے جن میں سے 4 کی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ عمارت سبزی منڈی کے پاس تھی اور اس کے نیچے دکانیں بھی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جس وقت عمارت منہدم ہوئی، نیچے ایک دکان میں کچھ لوگ سبزی خرید رہے تھے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ عمارت بہت پرانی تھی اور اس میں رہنے والے لوگوں کو کارپوریشن نے نوٹس بھی دیا تھا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہفتہ کی صبح شہر میں آئے سیلاب کی وجہ سے اس عمارت کی بنیاد کمزور ہو گئی تھی جس وجہ سے عمارت منہدم ہو گئی۔
عمارت منہدم ہونے کی خبر ملتے ہی مقامی پولیس انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی تھی۔ ملبہ میں دبے لوگوں کی تلاشی کی مہم بھی فوری طور پر شروع ہو گئی اور اس میں مقامی لوگوں نے بھی بھرپور مدد کی۔ ملبہ سے 4 لاشیں نکالے جانے کے بعد مزید تلاشی مہم چلائی گئی تاکہ پتہ کیا جا سکے کہ اور کوئی ملبہ میں دبا ہے یا نہیں۔ اس درمیان 2 زخمی افراد کو فوری طور پر علاج مہیا کرایا گیا ہے۔