ممبئی: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر ممبئی کے جوہو علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق اداکار محفوظ ہیں، تاہم واقعے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں میں امیش چودھری اور اداکار کے ڈرائیور فردوس شامل بتائے جارہے ہیں۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جوہو کے پشپا پارک میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار تین افراد نے گولیاں چلائیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ممبئی پولیس نے اپنے سرکاری بیان میں فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹائیگر شراف کو گولی نہیں لگی اور وہ محفوظ ہیں۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے فون پر ٹائیگر شراف سے بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی جلد شناخت کرکے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق اداکار کے باڈی گارڈ کے ناناوتی اسپتال پہنچنے کی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ ٹائیگر شراف کے اسپتال پہنچنے کی اطلاع بھی دی گئی ہے، تاہم اس سلسلے میں مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ پولیس کی اینٹی ایکسٹارشن سیل کے افسران نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں سے پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اداکار سے بھی ابتدائی معلومات حاصل کی ہیں۔
پولیس کی ٹیمیں کرلا، باندرہ، کلیان اور دادر ریلوے اسٹیشنوں سمیت مختلف مقامات پر بھی روانہ کی گئی ہیں، تاکہ ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جاسکے۔ واقعے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، حملہ آوروں کی شناخت اور فائرنگ کے محرکات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


















