بہار میں سیلاب کی وجہ سے حالات کافی خراب ہیں۔ کئی علاقوں میں لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بڑی تعداد میں خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ ایسے مشکل وقت میں بالی ووڈ اداکار سونو سود بہار کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے حالات پر کھل کر بات کی اور امدادی سامان پہنچانے کی بات کہی۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے بھی بہار کے لوگوں کی زندگی کو معمول پر لانے کے لیے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ سے بات چیت کے دوران سونو سود نے بہار کے موجودہ حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیلاب کی وجہ سے بہار بہت مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ میں پہلے بھی ملک بھر سے بہار میں امدادی سامان پہنچا چکا ہوں۔ ہم کل صبح سے اسے تقسیم کرنے کا کام شروع کریں گے۔‘‘ اداکار نے بتایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ سیلاب متاثرہ لوگوں تک ضروری امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں لوگوں کو صرف فوری مدد ہی نہیں بلکہ آگے بھی طویل عرصہ تک تعاون کی ضرورت ہوگی۔
سونو سود نے سیلاب سے ہونے والے نقصان کے حوالے سے غریب خاندانوں کی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’غریبوں کا گھر جب ڈوبتا ہے تو اسے دوبارہ سنبھلنے میں کئی نسلیں لگ جاتی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ حکومت کو بھی بہار کے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔‘‘ اس سے قبل بھی سونو سود آسام اور نیپال کے سیلاب متاثرین کی مدد کر چکے ہیں۔













