مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ’شیتلا ماتا مندر‘ روڈ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے سڑک پر موجود عقیدت مندوں کو کچل دیا۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع خبر کے مطابق اس حادثے میں 13 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 33 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 بھی بتائی جا رہی ہے۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی ہیں۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور آس پاس کے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹرک کی رفتار کافی تیز تھی۔ وہ بے قابو ہو کر مندر کی بیرونی دیوار سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ دیوار گر گئی۔ اس کے بعد ملبے میں 40 سے 50 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔ بچاؤ ٹیمیں ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
واقعہ کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حادثہ رات میں تقریباً ایک بجے پیش آیا۔ اس نے کچھ لوگوں کو موقع پر ہی دم توڑتے دیکھا۔ عینی شاہد کے مطابق ٹرک میں گنجائش سے زیادہ سامان لدا ہوا تھا۔ ٹرک اچانک آیا اور کئی دکانوں کے ساتھ وہاں موجود لوگوں کو بھی کچلتا چلا گیا۔ اس حادثے میں عینی شاہد کا بھائی بھی زخمی ہوا ہے۔ اس نے بتایا کہ جائے حادثہ پر اب بھی افراتفری کا ماحول ہے۔













