اتر پردیش میں ان دنوں کچھ جگہوں پر ہلکی پھلکی بارش تو ہو رہی ہے لیکن ریاست کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک بنا ہوا ہے۔ صبح سے ہی آسمان صاف رہتا ہے اور دھوپ نکلنے کی وجہ سے اومس بھری گرمی جھیلنی پڑتی ہے۔ ریاست میں آج (29 ستمبر) کچھ جگہوں پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے لیکن اس کا زیادہ اثر دیکھنے کو نہیں ملے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش کے دونوں حصوں مغربی اور مشرقی علاقوں میں کہیں کہیں گرج اور چمک کے ساتھ بارش کی بوچھاریں پڑنے کے آثار ہیں لیکن اس کے لیے کسی بھی طرح کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔ ریاست کے باقی حصوں میں موسم خشک رہے گا۔
ریاست میں اگلے پانچ دنوں تک ایسا ہی موسم رہے گا۔ اس مرتبہ اکتوبر کے مہینے میں بھی کچھ جگہوں پر مانسون فعال رہ سکتا ہے۔ 30 ستمبر کو بھی ریاست کے کسی حصے میں تیز بارش نہیں ہوگی۔ دونوں حصوں میں خشک موسم اور کہیں کہی معمولی چھینٹیں پڑنے کا امکان ہے۔
وجے دشمی تک حالات میں کچھ تبدیلی ہو سکتی ہے۔ اس دوران مشرقی یوپی میں بارش کا دائرہ بڑھ جائے گا۔ یکم اور 2 اکتوبر کو مغربی یوپی میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور مشرقی یوپی میں چھ مقامات پر گرج-چمک کے ساتھ تیز بارش کے آثار ہیں۔ 4 اکتوبر تک ریاست میں بارش اور خشک موسم کا سلسلہ جاری رہے گا۔