کانگریس میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے جمعرات (28 اگست) کو بہار میں جاری راہل گاندھی کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کو ایک ’تیرتھ یاترا‘ قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ بہار کے لوگ ’ووٹ چوروں‘ کو سب سے پہلے سزا دیں گے اور پھر ملک کی دیگر ریاستیں بھی انہیں سزا دیں گی۔ یہ دعویٰ پون کھیڑا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا اور بتایا کہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا اختتام یکم ستمبر کو پٹنہ میں بڑے پیدل مارچ کے ساتھ ہوگا۔
پہلے سے طے پروگرام کے مطابق ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا اختتام گاندھی میدان میں ’ووٹر ادھیکار ریلی‘ سے ہونا تھا۔ پون کھیڑا نے کہا کہ اب ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا اختتام پٹنہ میں یکم ستمبر 2025 کو ایک بڑے پیدل مارچ کے ساتھ ہوگا۔ یہ پیدل مارچ صبح 11 بجے گاندھی میدان کے گاندھی مجسمہ سے شروع ہو کر امبیڈکر کے مجسمہ پر ختم ہوگا۔ یہ مارچ ووٹ چوری کے خلاف ایک ایسی تحریک کی شروعات ہوگی جو پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔
پون کھیڑا نے یاترا کے اثرات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اسے تیرتھ یاترا مانتا ہوں کیونکہ یہ ایک مقدس کام ہے کہ ووٹ چوری سے بچانے کے لیے مہاگٹھ بندھن کے لیڈران محنت کر رہے ہیں۔‘‘ کانگریس لیڈر نے رواں سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کا حوالہ دیا اور کہا کہ ووٹ چوری اب نہیں چلے گی اور ووٹ چوری کی سزا سب سے پہلے بہار دے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’بہار جو سزا دینے والا ہے، وہی سزا پورا ہندوستان دینے والا ہے۔