ممبئی پولیس کنٹرول روم کو یکے بعد دیگرے تین الگ الگ نمبروں سے آئے دھمکی بھرے فون سے ہنگامہ مچ گیا۔ فون کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بم رکھا ہے اور کچھ ہی دیر میں زوردار دھماکہ ہونے والا ہے۔ اس کے بعد ایئر پورٹ میں موجود سیکوریٹی اہلکار مستعد ہو گئے اور پورے احاطے میں تلاشی مہم شروع کر دی۔ اس تلاشی میں کچھ بھی مشتبہ ملنے کی اطلاع نہیں ہے۔
ایک افسر نے بتایا کہ پولیس کو جمعہ کی دیر رات چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے (سی ایس ایم آئی اے) کے ٹرمینل 2 پر دھمکی بھرا فون آیا۔ اس دھمکی کے بعد پورے ہوائی اڈہ احاطے میں افرا تفری مچ گئی۔ ہوائی اڈہ انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے تلاشی مہم شروع کر دی جو تین گھنٹے تک چلی۔ حالانکہ جانچ میں کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا اور ممبئی پولیس کے کنٹرول روم میں آیا یہ فون کال فرضی ثابت ہوا۔ افسر نے بتایا کہ ایک اور کال بھی آیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دھماکہ شام 6:15 بجے ہوگا۔ جانچ میں پتہ چلا کہ دونوں فون ایک ہی شخص نے کیے تھے۔ اس کے خلاف معاملہ درج کرکے آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔