کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کو بی جے پی حکومت پر سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی آئین سے ’سیکولرازم‘ اور ’سوشلزم‘ جیسے بنیادی اصولوں کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلت، قبائلی اور نوجوان اگر اپنے حقوق کے لیے لڑنا نہ سیکھیں تو بی جے پی ان کا وجود مٹا دے گی۔
ملکارجن کھڑگے دہلی میں منعقدہ کانگریس کے "آئین بچاؤ سماویش” پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے واضح طور پر کہا، ’’مرکز کی بی جے پی حکومت ہمارے آئین سے سیکولرازم اور سوشلزم کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ یہ ایک خطرناک کوشش ہے، جس سے ملک کی جمہوریت اور سماجی ہم آہنگی کو شدید نقصان پہنچے گا۔‘‘انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر دلت، قبائلی اور نوجوان طبقے اپنے حق کے لیے آواز بلند نہیں کریں گے اور مزاحمت نہیں کریں گے تو بی جے پی حکومت ان کے وجود کو ہی مٹا دینے کی سمت میں کام کرے گی۔
کھڑگے نے اوڈیشہ میں بی جے پی حامیوں کی جانب سے دلتوں اور سرکاری افسران پر ہونے والے مبینہ حملوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا، ’’اوڈیشہ میں بی جے پی کے لوگ دلتوں اور سرکاری ملازمین پر حملے کر رہے ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ یہ سب ایک طے شدہ ایجنڈے کے تحت ہو رہا ہے۔‘‘
انہوں نے بی جے پی کی نجکاری پالیسی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا، ’’جب کانگریس اقتدار میں تھی تو ہم نے ملک بھر میں 160 پبلک سیکٹر ادارے قائم کیے لیکن بی جے پی حکومت نے ان میں سے 23 اداروں کو نجی ہاتھوں میں بیچ دیا۔ یہ سرکاری وسائل کا منظم طور پر کارپوریٹس کے حوالے کیا جانا ہے۔