نئی دہلی: سماج وادی پارٹی رکن پارلیمنٹ جیہ بچن نے پیر کے دن پھر اعتراض کیا کہ صدرنشین راجیہ سبھا جگدیپ دھنکر نے ایوان میں ان کا پورا نام لیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں نیا ڈرامہ شروع ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سر میں امید کرتی ہوں کہ آپ کو امیتابھ کے معنی معلوم ہوں گے، میرا مطلب ہے، مجھے امیتابھ سے شادی پر فخر ہے اور وہ میرے شوہر ہیں، لیکن میرا صرف یہ کہنا ہے کہ میں میرے شوہر کی کامیابیوں سے بہت خوش ہوں اور فخر کرتی ہوں۔
آپ لوگوں نے یہ ڈرامہ شروع کیا ہے۔ پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا۔ نائب صدر جمہوریہ نے جواب دیا کہ نام کی تبدیلی ممکن ہے، لیکن الیکشن سرٹیفکیٹ پر یہی نام ہے۔ سارے ملک کو امیتابھ بچن کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ جیہ جی الیکشن سرٹیفکیٹ میں جو نام ہوتا ہے، وہیں استعمال میں آتا ہے۔ آپ نام تبدیل کرواسکتی ہیں۔سماج وادی پارٹی رکن پارلیمنٹ نے سوال اٹھایا کہ مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر کے نام کے ساتھ ان کی بیوی کا نام کیوں نہیں؟ اِس پر کھٹر نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ یہ اِس جنم میں ممکن نہیں۔ آپ کو اس کے لئے اگلے جنم کا انتظار کرنا پڑے گا۔منوہر لال کھٹر برہمچاری ہیں، انہوں نے شادی نہیں کی۔ جیہ بچن نے اِس سے پہلے بھی انہیں جیہ امیتابھ بچن کہہ کر مخاطب کرنے پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ جیہ بچن کافی ہے۔