رائے پور: چھتیس گڑھ میں نکسل ازم کے خلاف جاری جدوجہد میں بدھ کو ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی، جب دنتے واڑہ ضلع میں71 نکسلیوں نے اجتماعی طور پر ہتھیار ڈال دیے۔ ماہرین کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں اس مہم کی سب سے بڑی کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔یہ خود سپردگی ریاستی حکومت کے معروف ’لون وراتو‘ (گھر کی طرف لوٹ آؤ) مہم کے تحت عمل میں آئی، جس کا مقصد نکسل نظریے سے متاثر نوجوانوں کو تشدد کی راہ چھوڑ کر سماج اور ترقی کی مرکزی دھارے میں لانا ہے۔
دنتے واڑہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ گورو رائے نے بتایا کہ خود سپردگی کرنے والوں میں 30 نکسلائٹس ایسے ہیں جن پر 50 ہزار روپے سے لے کر 8 لاکھ روپے تک کے انعامات مقرر تھے۔ ان تمام انعامات کی مجموعی مالیت 64 لاکھ روپے بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبھی افراد نے سینئر افسران اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کے سامنے ہتھیار ڈالے، جس کے بعد علاقے کی سکیورٹی صورتحال میں ایک مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔
پولیس کے مطابق حالیہ مہینوں میں سکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں کو تیز کیا، جس کے نتیجے میں متعدد نکسل کمانڈر مارے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے کسی قسم کا باضابطہ معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے کئی نکسلائٹس بددل ہو کر تحریک چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور انہوں نے امن و ترقی کا راستہ اختیار کیا۔