نئی دہلی : مرکزی جمعیت اہل حدیث کے زیر اہتمام 9اور 10نومبر کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں پینتیسویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس احترام انسانیت اور مذاہب عالم کے عنوان سے منعقد ہوگی جس میں ملک و بیرون ملک کے مشہور علمائاو ردانشوران ملک و ملت اوراہم مذہبی و سماجی شخصیات شریک ہوں گی۔یہ اطلاع مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر اصغر علی امام مہدی سلفی نے یہاںاخباری نمائندوں کو دی۔انھوں نے کہاکہ اس کانفرنس میں مسجد نبوی کے امام ہمام سماحتہ الشیخ عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان شریک ہوں گے او ر9نومبر کو اجلاس سے خطاب کریں گے نیز10نومبر کو مغرب اور عشائکی نماز پڑھائیں گے ۔اس موقع پر وہ کتاب و سنت کی روشنی میں امن و محبت اور انسانی اخوت کا پیغام دیں گے ۔امیر اصغر علی امام مہدی سلفی نے کہا کہ آج عالمی سطح پر احترام انسانیت کے کاز کو جو نقصان پہنچانے کی دانستہ یا نادانستہ کوشش کی گئی ہے او رجس طرح انسانوں کی جان و مال و عزت و آبرو او ردین و عقل کا مختلف جذباتی نعروں اور اشتعال انگیز بیانات سے استحصال کیا جارہا ہے ، وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔