گوپال گنج :جمعہ کی صبح 9 بجے گوپال گنج میں محرم کے جلوس کے دوران ہائی ٹینشن تار کے رابطے میں آنے کے بعد گیارہ نوجوان کرنٹ کی زد میں آ گئے۔ سب کو علاج کے لیے گوپال گنج صدر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ۔ جہاں سے 7 نوجوانوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہےجب کہ 4 تاحال صدر اسپتال میں داخل ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔یہ واقعہ اچکاگاؤں تھانہ کے تحت دھرما چک اور ہرپور گاؤں کے درمیان پیش آیا۔ حادثے میںزخمی ہونے والوں میں ضیاءالعلی، نوشاد علی، الطاف میاں، عاشق علی، اقبال علی، مہدی عالم، سیف علی، سہیل علی، لکی علی، توقیر علی اور ایک دیگر جن کا تعلق ہرپور گاؤں سے ہے،شامل ہیں۔زخمی نوجوان مہدی عالم نے بتایا کہ محرم کے دوران چارگائوں کے لوگوں نے بغیر بتائے جلوس نکالا۔ جلوس میں تقریباً 200 افراد نے شرکت کی۔ کچھ نوجوانوں نے ہاتھوں میں لوہے کا پائپ اورہرے بانس اٹھا رکھےتھےجواوپر سے گذر رہےہائی وولٹیج تار سے ٹچ کر گیاجس سے 10 نوجوان کرنٹ کی زد میں آ گئے۔ جلوس میں سینکڑوں افرادشامل تھے۔ جس کی وجہ سے حادثے کے وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
ڈی ایم ڈاکٹر نوال کشور چودھری نے کہا کہ ہم نے محرم کے حوالے سے جگہ جگہ میٹنگیں کی ہیں اور سب سے درخواست کی گئی ہے کہ جس وقت جلوس نکالا جائے اس وقت حکام کو مطلع کریں۔ تاکہ بجلی کا نظام اس کے مطابق ہو۔ کل شام کو بھی جلوس نہ نکالنے کا حکم دیا گیاہے۔کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا تھاکہ کسی قسم کا کوئی جلوس نہیں نکالا جائے، پھر بھی کچھ بچوں نے جلوس نکالا۔ سبز بانس کی ٹہنیاں تار میں پھنس گئی تھیں جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ 11 میں سے 7 بچے صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے۔ چار افراد زیر علاج ہیں، وہ بھی ٹھیک ہیں۔