مہاراشٹر کے بارامتی میں جمعرات کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سرکردہ رہنما اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئیں۔ بدھ کے روز بارامتی ہوائی اڈے کے قریب ایک المناک طیارہ حادثے میں ان کے انتقال کے بعد ہزاروں افراد نے ودیا پرتشٹھان پہنچ کر انہیں آخری وداع دی، جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ دریں اثنا، فضا ’اجیت دادا امر رہے‘ کے نعروں سے گونجتی رہی، جب کہ سوگوار ماحول میں لوگوں کی آنکھیں نم دکھائی دیں۔
بدھ کو پیش آنے والا حادثہ اس وقت ہوا تھا جب ایک چارٹر طیارہ بارامتی ہوائی اڈے پر دوسری بار لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا۔ طیارہ رن وے سے محض 200 میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد کی جان چلی گئی۔ حادثے میں اجیت پوار کے ساتھ پائلٹ کپتان سمت کپور، شریک پائلٹ کپتان شانبھوی پاٹھک، طیارہ میزبان پنکی مالی اور ذاتی سکیورٹی افسر ودھیپ جادھو بھی جاں بحق ہوئے۔
اجیت پوار کی آخری رسومات ودیا پرتشٹھان کے احاطے میں ادا کی گئیں، جہاں پولیس کی سلامی دی گئی اور تمام سرکاری پروٹوکول کی پابندی کی گئی۔ ان کے بیٹوں پارتھ پوار اور جے پوار نے چتا کو آگ دی۔ آخری دیدار کے لیے بارامتی ہی نہیں بلکہ ریاست کے مختلف اضلاع اور پڑوسی علاقوں سے بھی عوام کی بڑی تعداد پہنچی۔ راستوں کے دونوں جانب لوگوں کی قطاریں دیکھی گئیں، جو اپنے محبوب رہنما کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھیں۔

















