کویت سٹی: اردن میں کویتی سفیر حمد المری نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کیلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کو دو ملین ڈالر کا اپنا حصہ ادا کیا ہے۔کویت کے سرکاری خبررساں ادارے کونا کے مطابق کویتی سفیر نے انروا میں تعلقات خارجہ کی ڈائریکٹر سمارا الرفاعی کو دو ملین ڈالر کا چیک پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کویتی قیادت فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد اور فلسطینی کاز کی حمایت کے حوالے سے اپنے غیر متزلزل موقف پر قائم ہے۔ کویتی سفیر نے کہا کہ ’اونروا کی مالی اعانت کا مقصد فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنے فرض کی ادائیگی ہے۔اونروا فلسطینی پناہ گزینوں کی سماجی سلامتی، صحت نگہداشت اور تعلیم جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’کویت اقوام متحدہ کی کوششوں کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلیے عطیہ فلسطینی کاز اور خطے میں پناہ گزینوں کے حوالے سے انسانی صورتحال کے حوالے سے کویت کی سپورٹ کی تصدیق ہے۔ سمارا الرفاعی نے کہا کہ کویت کی جانب سے اونروا اور فلسطینی پناہ گزینوں کی سالانہ مدد سے تعلیم اور صحت کے پروگراموں میں آسانی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی کو صرف اردن، لبنان، غزہ اور دیگر علاقوں میں اس سال کے آخر تک اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے 170 سے 190 ملین ڈالر درکار ہیں۔