نئی دہلی/پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات سے قبل یوتھ کانگریس 19 جولائی کو پٹنہ میں مہاروزگار میلہ منعقد کر رہی ہے، جس کے لیے 200 سے زیادہ بڑی کمپنیوں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ یوتھ کانگریس کے مطابق اس روزگار میلے کا ہدف 5000 سے زیادہ بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔ اس بار بہار اسمبلی انتخابات میں کانگریس بے روزگاری اور نقل مکانی کو بڑا مسئلہ بنانے جا رہی ہے۔ روزگار میلہ میں شرکت کے لیے امیدواروں کو آن لائن اور آف لائن دونوں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس روزگار میلے میں آئی ٹی سیکٹر، دوا ساز کمپنیاں، ای- سیکٹر اور مینوفیکچرنگ کمپنیاں شرکت کریں گی۔ موقع پر ہی انٹرویو اور آفر لیٹر دینے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ کانگریس پارٹی کے بڑے لیڈروں کو یوتھ کانگریس کی طرف سے منعقد ہونے والے مہا روزگار میلہ میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ پون کھیڑا، سوشل میڈیا کے سربراہ سپریہ سرینیت، ویمن کانگریس کے قومی صدر الکا لامبا، کانگریس پارٹی کے متعدد قومی ترجمان اور سابق مرکزی وزراء شرکت کر سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بہار روزگار میلے سے قبل یوتھ کانگریس نے راجستھان اور دہلی میں بھی روزگار میلے منعقد کیے ہیں جن میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں نے شرکت کی۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر 19 جون کو قومی راجدھانی میں یوتھ کانگریس نے تالکٹورہ اسٹیڈیم میں جاب فیئر کا انعقاد کیا تھا۔