میرٹھ: مغربی اتر پردیش کے میرٹھ ضلع میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے سننے والوں کو حیران کر دیا۔ روہٹا تھانہ علاقے کے رسول پور گاؤں میں ایک شخص کی موت کے معاملے میں پولیس نے اس کی بیوی، ایک مقامی نوجوان اور اس کے ساتھی کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان پر شوہر کے قتل کا الزام ہے۔
مقتول کی شناخت 32 سالہ انل کے طور پر ہوئی ہے، جس کی شادی تقریباً 8 سال قبل کاجل نامی خاتون سے ہوئی تھی۔ دونوں کے تین بچے بھی ہیں۔ پولیس کے مطابق، چند سال پہلے کاجل کے گاؤں کے ہی ایک نوجوان آکاش سے تعلقات قائم ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 26 اکتوبر کو انل اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔ اس کے بھائی نے روہٹا تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ 5 نومبر کو بھائی نے ایک اور تحریری شکایت دی، جس میں اس نے بیوی کاجل، آکاش اور ایک دوسرے شخص بادل پر انل کے اغوا اور قتل کا الزام لگایا۔ اسی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور تفتیش تیز کر دی۔
پولیس کے مطابق، پوچھ گچھ کے دوران تینوں سے اہم معلومات ملی ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیوی نے عاشق کی مدد سے شوہر کو نشے کی گولیاں کھلائیں، پھر بیہوش ہونے کے بعد گنگ نہر کے قریب لے جایا گیا، جہاں اس کا گلا دبانے کی کوشش کی گئی اور بعد میں اسے نہر میں پھینک دیا گیا۔


















