نئی دہلی: بی جے پی کے سینئر لیڈر وجندر گپتا کو پیر کے روز دہلی اسمبلی کا نیا اسپیکر منتخب کر لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور وزیر رویندر اندراج سنگھ نے ان کے نام کی تجویز رکھی، جس کی حمایت بی جے پی کے دیگر لیڈران پرویش ورما اور منجندر سنگھ سرسا نے کی۔ اس کے بعد اسمبلی کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر وجندر گپتا کو اسپیکر منتخب کر لیا۔
وجندر گپتا کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور اپوزیشن لیڈر آتشی نے انہیں مبارکباد دی۔ وہ روہنی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں اور طلبہ سیاست سے اپنے کیریئر کا آغاز کر چکے ہیں۔ وہ دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں بطور کونسلر اور اپوزیشن لیڈر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پیر کے روز دہلی اسمبلی کے پہلے اجلاس کا آغاز ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اپنی وزارتی کونسل کے ساتھ اسمبلی رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزراء پرویش ورما، آشیش سود، کپل مشرا، رویندر سنگھ اندراج، پنکج کمار سنگھ اور منجندر سنگھ سرسا نے بھی حلف لیا۔
اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی سمیت عام آدمی پارٹی کے 22 اراکین نے بھی اس اجلاس کے دوران حلف لیا۔ اس سے قبل بی جے پی کے رکن اسمبلی اروندر سنگھ لولی نے بطور پروٹیم اسپیکر حلف اٹھایا تھا۔ انہیں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے راج نواس میں حلف دلایا۔دہلی اسمبلی کا یہ پہلا اجلاس تین دنوں تک جاری رہے گا۔ اجلاس کا آغاز اروندر سنگھ لولی کے پروٹیم اسپیکر کے طور پر حلف لینے کے ساتھ ہوا۔