لکھنؤ: اتر پردیش حکومت نے ریاست بھر میں اعلیٰ سطحی پولیس انتظامیہ میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے 14 آئی پی ایس افسران کے تبادلے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس تازہ ترین فہرست کے مطابق، ویبھو کرشن کو وارانسی رینج کا نیا ڈی آئی جی مقرر کیا گیا ہے، جب کہ موجودہ آئی جی وارانسی، موہت گپتا کو پروموشن دے کر سکریٹری داخلہ بنایا گیا ہے۔
تبادلے کی اس فہرست میں کئی اہم اضلاع اور رینج شامل ہیں۔ اجے ساہنی کو بریلی رینج کا ڈی آئی جی، جبکہ ابھیشیک سنگھ کو سہارنپور رینج کا ڈی آئی جی مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح، راج کرن نائر کو ایس ایس پی گورکھپور، سنجے کمار کو ایس ایس پی مظفر نگر، برجیش کمار شریواستو کو ایس ایس پی اٹاوہ اور انوپ کمار سنگھ کو ایس پی فتح پور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔گورو گروور کو ایس ایس پی ایودھیا مقرر کیا گیا ہے، جو ایک حساس اور اہم ضلع سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، راجیش کمار کو ایس پی کوشامبی، دھول جیسوال کو ڈی سی پی غازی آباد، اور ستیہ جیت گپتا کو ڈی سی پی کانپور بنایا گیا ہے۔
سندیپ کمار مینا کو سنت کبیر نگر کے ایس پی کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ لکشمی نیواس مشرا کو ریلوے گورکھپور کا ایس پی مقرر کیا گیا ہے۔ یہ تبادلے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب چند روز قبل ہی 33 آئی اے ایس افسران کے تبادلے بھی عمل میں لائے گئے تھے۔ ان میں سب سے اہم تبادلہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقے وارانسی کے کمشنر کوشل راج شرما کا تھا، جنہیں اب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اسی فہرست میں وشال سنگھ کو ڈائریکٹر اطلاعات اور اندرجیت سنگھ کو لکھنؤ کے میونسپل کمشنر کے عہدے سے ہٹا کر نئی ذمہ داری دی گئی تھی۔ پولیس محکمے میں ان تبادلوں کو ریاست میں نظم و نسق کو بہتر بنانے، قانون و امن کی صورتحال کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے اور انتظامی چاک و چوبند کو برقرار رکھنے کے لیے اہم قدم مانا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے اے ڈی جی زون میرٹھ، ڈی کے ٹھاکر کو ہٹا کر بھانو بھاسکر کو وہاں تعینات کیا گیا تھا، جب کہ ڈی کے ٹھاکر کو اے ڈی جی ایس ایس ایف بنایا گیا ہے۔