نئی دہلی :آج یعنی 20 دسمبر کو مزید دواپوزیشن ممبران پارلیمنٹ تھامس چاجیکادان اور اے ایم عارف کو معطل کر دیا گیا۔ معطل ہونے والے ممبران پارلیمنٹ کا تعلق لوک سبھا سے ہے ۔ دونوں اراکین پارلیمنٹ کا تعلق کیرالہ سے ہے جنھیں پارلیمنٹ کے بقیہ سرمایہ اجلاس سے معطل کر دیا گیا ہے۔
خبر کے مطابق تھامس اور عارف دونوں کو تختیاں دکھانے اور لوک سبھا کے ویل میں داخل ہونے کے سبب ایوان سے معطل کیا گیا ہے۔ تھامس اور عارف کی معطلی کے ساتھ ہی پارلیمنٹ سے معطل اپوزیشن اراکین کی مجموعی تعداد اب 143 ہو گئی ہے۔ توجہ طلب بات یہ ہے کہ سرمائی اجلاس 22 دسمبر یعنی جمعہ کے روز ختم ہونے والا ہے۔ یعنی آئندہ دو دنوں تک معطل اراکین پارلیمنٹ اپنے اپنے ایوانوں یعنی لوک سبھا و راجیہ سبھا کی کارروائی میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔
بتایا جاتا ہے کہ آج جن دو اراکین پارلیمنٹ کی معطلی ہوئی ہے، انھوں نے اپنی معطلی کے لیے بڑی مشقت کی۔ وہ بار بار ویل میں گئے، پرچیوں کو پھاڑا، بنچ پر کھڑے ہو کر نعرہ بازی کی تب جا کر انھیں معطل کیا گیا۔ جب ان اراکین پارلیمنٹ سے ان کے رویہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہم اپنے ساتھیوں کی حمایت میں ایسا کر رہے تھے۔ صبح سے ہی یہ دونوں اراکین پارلیمنٹ ایوان میں ہنگامہ کر رہے تھے اور اس طرح انھوں نے معطل اراکین پارلیمنٹ کی حمایت میں احتجاج درج کیا۔