رانچی : جمشید پور کے پرنسپل ڈسٹرکٹ جج (پی ڈی جے) کے دو محافظ اور ایک سرکاری ڈرائیور پر اسرار حالات میں اس وقت فوت ہو گئے، جب ان کی کار بے قابو ہو کر سیدھے ڈیم میں جا گری۔ حادثہ کب اور کن حالات میں پیش آیا، اس کی کوئی عینی شہادت سامنے نہیں آئی، جس کی وجہ سے معاملہ پیچیدہ ہو گیا ہے۔
ہفتہ کی صبح مقامی باشندوں نے ڈیم کے پانی میں ایک کار کے ڈوبے ہونے کا شبہ ظاہر کیا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ کچھ دیر کی تلاش کے بعد ریسکیو ٹیم نے پانی سے ایک کار برآمد کی، جس کے اندر سے تین افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ مرنے والوں کی شناخت اوپیندر کمار سنگھ، رابن کُجور اور سرکاری ڈرائیور ستیندر کے طور پر ہوئی ہے۔ اپیندر اور رابن دونوں پی ڈی جے کے باڈی گارڈ تھے جبکہ ستیندر سرکاری ڈرائیور کے طور پر تعینات تھے۔
پولیس نے گاڑی کے ساتھ پانی سے دو ہتھیار بھی برآمد کیے ہیں، جن کے بارے میں ابتدائی اندازہ ہے کہ یہ دونوں باڈی گارڈز کے ڈیوٹی ہتھیار تھے۔ گاڑی بری طرح سے تباہ حالت میں ملی ہے، جس سے یہ شبہ تقویت پاتا ہے کہ حادثہ تیز رفتار ڈرائیونگ کے دوران پیش آیا ہوگا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔















