ہندوستانی فوج میں اگنی ویر کی شکل میں شامل ہوئے کئی نوجوان ٹریننگ درمیان میں ہی چھوڑ کر اپنے گھر چلے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریننگ درمیان میں چھوڑ کر گھر واپس جانے والوں کے لیے فی الحال کوئی اصول تیار نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن لگاتار ٹریننگ چھوڑنے والے اگنی ویروں کو دیکھتے ہوئے فوج اس بات پر غور کر رہی ہے کہ ایسے نوجوانوں سے ٹریننگ میں آئے خرچ کی وصولی کی جائے۔
ایک افسر کا کہنا ہے کہ ٹریننگ کا خرچ وصول کیے جانے کا اصول اگر طے کیا جاتا ہے تو صرف وہی نوجوان اگنی ویر بننے آئیں گے جو فوج میں شامل ہونے کے لیے سنجیدہ ہوں گے۔ دراصل کئی نوجوان ایسے ہیں جنھیں اچھی ملازمت ملی اور پھر انھوں نے اگنی ویر کی ٹریننگ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
بہرحال، ہندوستانی فوج میں اگنی ویر کے پہلے بیچ کی ٹریننگ مکمل ہو گئی ہے اور آئندہ ماہ یہ اگنی ویر فوج کی الگ الگ یونٹ میں پہنچ جائیں گے۔ دوسرے بیچ کی ٹریننگ بھی مارچ سے شروع ہو گئی ہے۔ ٹریننگ کر رہے اگنی ویروں میں ایک طرف ایسے ٹرینی ہیں جنھوں نے بہتر موقع ملنے کی وجہ سے ٹریننگ چھوڑ کر فوج کو الوداع کہہ دیا، تو دوسری طرف وہ ہیں جنھیں 30 دن یا اس سے زیادہ کی میڈیکل لیو (تعطیل) میں رہنے کی وجہ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے بیچ میں ہی 50 سے زیادہ نوجوان ٹریننگ درمیان میں ہی چھوڑ کر چلے گئے، کیونکہ انھیں دوسری جگہ اچھی ملازمت مل گئی۔ ہر اگنی ویر کو ٹریننگ شروع ہونے کے ساتھ ہی ہر ماہ تقریباً 30 ہزار روپے کی تنخواہ ملنی شروع ہو جاتی ہے۔ اس بہتر موقع ملتے ہی کئی نوجوانوں نے اپنا رخ فوج کی طرف سے موڑ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگنی ویر کے پہلے اور دوسرے بیچ میں تقریباً 60 ایسے نوجوان ہیں جنھیں میڈیکل لیو میں رہنے کی وجہ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ اصول کے مطابق کسی بھی وجہ سے 30 دن ندارد رہنے پر انھیں باہر کر دیا جاتا ہے۔
فوج کے ایک افسر کے مطابق ہمارے پاس نوجوانوں کی کئی اپیل آئی ہیں کہ کیا میڈیکل وجوہات سے چھٹی پرہونے کے معاملے میں انھیں اگلے بیچ میں ٹریننگ کا متبادل مل سکتا ہے؟ لیکن ایسا اس لیے ممکن نہیں ہے کیونکہ اگنی ویر کے اسی بیچ میں سے چار سال بعد 25 فیصد اگنی ویروں کو مستقل ہونے کا متبادل دیا جائے گا۔ مقابلہ اسی بیچ کے اگنی ویروں میں ہوتا، اس لیے کسی اگنی ویر کو دوسرے بیچ میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔