نئی دہلی :دہلی سمیت تقریباتمام ریاستوں کی پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ آج یعنی 17 جولائی 2024 کو محرم کے جلوس کے باعث کسی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ دہلی پولیس کی طرف سے جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق کئی سڑکوں پر جام کی صورتحال رہے گی۔محرم کا جلوس جامع مسجد چوک سے شروع ہو کر حوض قاضی، اجمیری گیٹ، پہاڑ گنج، چیلمسفورڈ روڈ، نئی دہلی ریلوے اسٹیشن، آؤٹر سرکل کناٹ پلیس، سنسد مارگ، پٹیل چوک، رفیع مارگ، ریل بھون ، سنہری مسجد، سنہری باغ روڈ،کرشنا مینن مارگ، تغلق روڈ، اروبندو مارگ، جور باغ سے ہوتا ہوا کربلا پہنچے گا۔ دہلی پولیس کے مطابق متھرا روڈ، مہرولی-بدر پور بارڈر، پنکھا روڈ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے۔
اتر پردیش کے کئی شہروں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق منصور نگر تیراہا سے ٹوڈیا گنج یا شیعہ یتیم خان، ٹپے والی گلی جانے کے لیے کشمیری محلہ سے گزرنا ہوگا۔ رکاب گنج پل چوراہے سے جانے کے لیے میڈیکل کالج سے گزرنا پڑے گا۔ میڈیکل کراس (کملا نہرو) چوراہے سے کوئی گاڑی مے فیئر تیراہا (وکٹوریہ اسٹریٹ)، نخاس کی طرف نہیں جا سکے گی۔
محرم کے موقع پر نوئیڈا میں مختلف مقامات پر جلوس نکالے جائیں گے۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، نوئیڈا میں محکمہ ٹریفک نے پہلے ہی ڈائیورشن پلان بنا رکھا ہے، تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔گوتم بدھ نگر پولس کمشنریٹ کے ٹریفک محکمہ کی طرف سے جاری کردہ ڈائیورژن پلان کے مطابق، جلوس 17 جولائی کی صبح تقریباً 11 بجے A-69 سیکٹر 22 سے شروع ہو کر چوڈا موڑ، اڈوبی چوراہے سے ہوتا ہوا وی وی گری انسٹی ٹیوٹ کے سامنے پہنچے گا۔ این ٹی پی سی کے سامنے سے پرکاش اسپتال، سمترا اسپتال، مورنا بس اسٹینڈ کے سامنے سے اور سیکٹر-50 مارکیٹ اور رامگیا اسکول کے سامنے سے یو ٹرن لے کر سیکٹر-50، نوئیڈا جائے گا۔
ممبئی میں دھاراوی کے علاقے میں محرم کا جلوس دھاراوی 60 فٹ روڈ، 90 فٹ روڈ، ماہم سیون لنک روڈ، سنت روہیداس روڈ اور آس پاس کے علاقوں سے نکالے جائیں گے۔ اس کے پیش نظر ایس ایل راہیجاروٹ جنکشن سے سیون ماہم لنک روڈ پر ٹی جنکشن تک گاڑیوں کی آمدورفت بند رہے گی۔ ایس ایل راہیجا اسپتال سے ٹی جنکشن کی طرف آنے والی گاڑیوں کا راستہ سینا پتی باپت مارگ سے موڑ دیا گیا ہے۔کئی علاقوں میں جلوس کی وجہ سے راستے تبدیل کر دئے گئے ہیں تاکہ عوام کو کم سے کم پریشانی ہو۔