آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہونے والا ہے۔ اس میں ہونے والے ایک خاص میچ کا سبھی کو بے صبری سے انتظار ہے، وہ ہے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جانے والا سپرہٹ مقابلہ۔ اس کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل یعنی آئی سی سی نے ٹکٹ فروخت کرنے کا عمل شروع کیا لیکن کچھ ہی گھنٹوں میں سبھی ٹکٹ صاف ہو گئے اور تقریباً ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ کرکٹ شائقین ورچوئل لائن میں ہی لگے رہ گئے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کسی بھی سیریز میں ہونے والا مقابلہ کسی دیگر ٹیم کے ساتھ ہونے والے مقابلوں یا فائنل سے بھی بڑا مانا جاتا ہے۔ اس سپرہٹ مقابلے کے لیے ٹکٹ ملنا ہی فینس کے لیے بڑی جیت مانی جاتی ہے۔ اس بار بھی ایسا ہی کچھ دیکھنے کو ملا، جب فینس ٹکٹ خریدنے کے انتظار میں قریب ڈیڑھ گھنٹے ویب سائٹ پر اپنی باری کا انتظار کرتے رہ گئے، لیکن تب تک ساری ٹکٹیں فروخت ہو گئیں۔ اس ہائی وولٹیج مقابلے کی ٹکٹ ڈیمانڈ ہمیشہ کی طرح اس بار کچھ زیادہ ہی ہے۔
واضح ہو کہ دبئی کے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹڈیم میں 25000 لوگوں کے ایک ساتھ میچ دیکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے ہندوستان بمقابلہ پاکستان یک روزہ میچ کے لیے ابھی سے ہی سبھی ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔ اس سلسلے میں دبئی کے رہائشی سدھاشری نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "مجھے لمبی قطار کی امید تھی لیکن جس رفتار سے ٹکٹ غائب ہو گئے، وہ چونکانے والا تھا۔ جب تک میں نے اپنی سیٹ محفوظ کی، تب تک صرف دو زمرے بچے تھے، دونوں ہی میرے بجٹ سے باہر تھے۔”
تمام کرکٹ شائقین نے تقریباً ایک گھنٹے تک قطار میں کھڑے ہو کر دیکھا کہ ہندوستان-پاکستان میچ کے لیے تقریباً سبھی زمرے کے ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، جس میں 2000 درہم پلیٹنم اور 5000 درہم گرینڈ لاؤنج سیکشن بھی شامل ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 ہزار کرکٹ شائقین ایک ساتھ بیٹھ کر میچ کا لطف اٹھا سکتے ہیں، اس لیے ٹکٹوں کی ہوڑ نے میچ کی غیر معمولی مقبولیت اور اہمیت کو ظاہر کیا۔ ہر کوئی اس میچ کے لیے ابھی سے پُرجوش ہے۔ امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اس میچ کو دلچسپ اور تاریخی بنانے میں اپنا بہترین مظاہرہ پیش کریں گے۔