ممبئی :ممبئی پولیس کے مطابق ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کو ای میل کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ ممبئی پولیس نے بتایاکہ ای میل بھیجنے والے نے مکیش امبانی کو 20 کروڑ روپے ادا نہ کرنے پر گولی مارنے کی دھمکی دی تھی۔ صنعت کار کو یہ ای میل جمعہ کی رات 8:51 پر موصول ہوئی۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
ممبئی پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘خطرہ سے متعلق ای میل جمعہ 27 اکتوبر کو موصول ہوئی تھی۔ معاملہ سامنے آنے کے فوراً بعد ممبئی کے گام دیوی پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 387 اور 506 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ معاملے میں تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق دھمکی آمیز ای میل میں لکھا گیا، ‘اگر 20 کروڑ روپے نہ ملے تو ہم آپ کو مار دیں گے۔ ہمارے پاس ہندوستان کے بہترین شوٹر ہیں۔ کیس میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے۔