لندن :برطانیہ کی سرکار نے آئندہ 4اکتوبرسے ویزا فیس میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چھ مہینے کے ویزا کی فیس 15پاونڈ بڑھ جائے گی۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے وہاں آنے والے طلبا کا ویزا اب 127 پاونڈ زیادہ مہنگا ہوجائے گا۔
اِن تبدیلیوں کا مقصد برطانیہ کے سرکاری شعبے کی اُجرتوں میں اضافے سے نمٹنا ہے۔ امید ہے کہ اس اقدام سے ایک ارب پاونڈ سے زیادہ کا مالیہ حاصل ہوسکے گا۔ ویزا فیس میں اضافے کا اطلاق مختلف زمروں پر ہوگا اور اس کا انحصار پارلیمانی منظوری پر ہوگا۔
برطانیہ کے امور داخلہ کے محکمے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو پارلیمنٹ میں قانون سازی کے ذریعے پیش کی گئی اِن تبدیلیوں سے چھ مہینے سے کم کے ویزا کی قیمت بڑھ کر 115 پاونڈ ہوجائے گی۔
اس کے علاوہ برطانیہ سے باہر طلبا ویزا کے لئے درخواست دینے کی فیس بڑھ کر 490 پاونڈ ہوجائے گی۔