نئی دہلی: پارلیمنٹ کے پانچ روزہ اجلاس کا اغازآج سے ہو رہا ہے۔ حکومت نے اس اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے اسے ‘خصوصی اجلاس کہا تھا لیکن بعد میں واضح کیا گیا کہ یہ ایک باقاعدہ اجلاس ہوگا۔ اسے موجودہ لوک سبھا کا 13 واں اجلاس اور راجیہ سبھا کا 261 واں اجلاس بتایا گیا ہے۔ اجلاس 22 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران ایوان کی کارروائی 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک اور پھر دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ اس اجلاس میں پارلیمنٹ کے 75 سالہ سفر پر بحث اور الیکشن کمشنرز کی تقرری سمیت چار بلوں پر غور وخوض کی تجویز ہے۔
یہ اجلاس پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوگا۔ اگلے دن یعنی 19 ستمبر پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہی فوٹو سیشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی دن صبح 11 بجے سینٹرل ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جانا ہے۔ جس کے بعد ارکان پارلیمنٹ نئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں گے۔ سیشن کا اجلاس 19 ستمبر کو ہی نئی عمارت میں ہو گا اور 20 ستمبر سے اس میں باقاعدہ کام شروع ہو جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اتوار یعنی 17 ستمبر کی صبح نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی پرچم لہرایا۔