علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پیرا میڈیکل کالج نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ کالج کو اتر پردیش اسٹیٹ میڈیکل فیکلٹی، لکھنؤ کی جانب سے رجسٹریشن حاصل ہو گیا ہے۔ 2021 میں قائم ہونے والے اس کالج نے باقاعدہ منظوری کی جانب مسلسل پیش قدمی کی جو مختلف مراحل میں حاصل ہوئی۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر قاضی احسان علی نے بتایا کہ رجسٹریشن کا عمل کئی مراحل پر مشتمل تھا، جس کا آغاز ڈائریکٹر جنرل، میڈیکل ایجوکیشن، لکھنؤ سے ’لزومیت سر ٹیفکیٹ‘ کے حصول سے ہوا، جس میں دستاویزات کی تیاری اور تصدیق شامل تھی تاکہ پیرا میڈیکل ادارے کے قیام سے متعلق تمام ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سرٹیفکیٹ اور متعلقہ دستاویزات کو بعد میں یوپی اسٹیٹ میڈیکل فیکلٹی کو کارروائی کے لیے بھیجا گیا۔ اب آپٹومیٹری، فزیوتھیریپی، میڈیکل ریڈیالوجی اینڈ امیجنگ ٹکنالوجی، ڈائلیسز تھیریپی ٹکنالوجی، میڈیکل لیبارٹری سائنسز، اور آپریشن تھیٹر ٹکنالوجی میں کالج کے بی ایس سی پروگرامز کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔
رجسٹریشن کو ماضی کی تاریخ سے مؤثر قرار دیا گیا ہے، یعنی یہ تعلیمی سال 2021-22 سے نافذ العمل ہے، جس سے سبھی تعلیمی بیچ مستفید ہوں گے۔ کالج کو تعلیمی سال 2021–2022 سے 2024–2025 تک کے لیے رجسٹر کیا گیا ہے، جبکہ 2025–2026 سے حتمی رجسٹریشن کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔ پروفیسر علی نے اس پورے عمل میں یونیورسٹی انتظامیہ، خاص طور پر وائس چانسلر، ڈین فیکلٹی آف میڈیسن، اور یونیورسٹی رجسٹرار کی جانب سے بھرپور تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔